17جولائی کو جمعۃ الوداع، یوم القدس اور یوم کشمیر کی تقریبات کا انعقاد ہوگا

سرینگر/7جولائی2015/ 17 جولائی 2015 ؁ کو جمعۃ الوداع ،یوم القدس اور یوم کشمیرکی تقریبات کو دینی عقیدت و احترام اور ملی جذبے کے ساتھ منانے کا اعلان کرتے ہوئے جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان نے اس روز حسب روایت وادی کے اطراف و اکناف میں جمعۃ الوداع کے بڑے بڑے اجتماعات کے موقعہ پر مستضعفین عالم بالخصوص جابر قوتوں کے ظلم و تسلط کے شکار محکوم و مظلوم مسلمانوں بشمول فلسطین، یمن، بحرین، برما اور دیگر خطوں کے مہقور مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے اور ان مظلوم مسلمانوں کی کامیابی کیلئے اجتماعی دعائیں کی جائیں گی اور احتجاجی جلوس برآمد کئے جائیں گے۔اس سلسلے کے سب سے بڑے اجتماع مرکزی امام باڑہ بڈگام اور امام باڑہ حسن آباد میں منعقد ہونگے۔جبکہ تنظیم کے زیر اہتمام وادی بھر میں منعقد ہونے والے جمعہ اجتماعات کے موقعے پر بھی یوم القدس کی تقریبات منعقد ہوں گی۔

جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے ضلع بارہمولہ کی زونل کمیٹیوں کے الگ الگ اجلاس تنظیم کے سربراہ حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی صدارت میں منعقد ہوئے ۔ ان اجلاسوں میں ضلع بارہمولہ میں تنظیمی سرگرمیوں کو نئی جہت دینے اور تنظیمی پروگراموں کی عمل آوری کے حوالے سے کئی امورات زیر بحث لائے گئے ۔آآغا سید حسن الموسوی الصفوی نے اراکین و عاملین کو تنظیم کے بنیادی نصب العین اور اساسی مشن اقامت دین کیلئے ہر سطح پر ذمہ داریاں نبھانے کی تلقین کی۔ انہوں نے رواں تحریک کی آبیاری اور تحریکی پروگراموں کی کامیابی کیلئے تعاون کو انجمن شرعی شیعیان کے اساسی نصب العین کا نمایاں پہلو قرار دیتے ہوئے کارکنوں پر واضح کیا کہ وہ رواں جدو جہد آزادی کو منطقی انجام تک لے جانے کیلئے اپنی ذمہ داریوں کا عزم بالجزم کریں۔

آغا صاحب نے وادی کے اطراف و اکناف بالخصوص شہر خاص میں نوجوانوں کی پکڑ دھکڑ کے لامتناعی سلسلے اور اہل خانہ کو ہراساں کرنے کی کاروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ ایک منصوبے کے تحت نوجوانوں کو گرفتار کرکے اور فرضی کیسوں میں اُلجھاکر ان کا مستقبل مخدوش بنایا جارہا ہے۔

دریں اثنا آغا صاحب نے حریت رہنما جناب مصدق عادل کے والد نسبتی کے وفات پر رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار کنبے سے تعزیت و تسلیت کی اور مرحوم کے بلند درجات کیلئے دعا کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔