پاکستان کے یوم آزادی پر آغا سید حسن کا پاکستانی قوم و قیادت کو مبارکباد

سرینگر/ 13اگست2015/مملکت پاکستان کے یوم آزادی کے موقعہ پر پاکستانی قوم و قیادت کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کے پُرامن منصفانہ تصفیہ تک دونوں ممالک اور پاکستان کی آزادی نامکمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ برصغیر کے عوام نے برطانوی سامراج سے آزادی حاصل کرکے امن و ترقی ، خوشحالی اور خوف وخدشات سے مبرا زندگی کا جو خواب دیکھا تھا وہ عملی طور پر تنازعہ کشمیر کی وجہ سے چکنا چور ہورہا ہے۔ تنازعہ کشمیر کی وجہ سے نہ صرف دونوں ممالک کے عوام کو ہمہ وقت جنگ کے خدشات لاحق رہتے ہیں بلکہ دونوں ممالک کی اقتصادیات اور ملکی ترقی کو کمر شکن صورتحال کا سامنا ہے۔ ایسی صورتحال میں آزادی کا معنی ہی فوت ہوکر رہ جاتا ہے۔ دونوں ممالک کو اپنے عوام کی خیر خواہی کا عملی مظاہرہ کرکے تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے دریا دلی کا مظاہرہ کرنا چاہیے تاکہ ہند و پاک کے عوام آزادی کی حقیقی مٹھاس سے لطف اندوز ہوسکے۔کشمیری عوام کی تحریک آزادی کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کیلئے پاکستانی قوم و قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے آغا صاحب نے کہا کہ مضبوط ومستحکم پاکستان نہ صرف تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے لازمی ہے بلکہ جنوب ایشیائی خطے کے دیر پا امن و استحکام کیلئے بھی از حد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو خود اس حقیقت کا ادراک ہے کہ تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر اس خطہ میں امن و استحکام کی کوششیں بارآور ثابت نہیں ہوسکتیں۔ دریں اثنا انجمن شرعی شیعیان کی اطلاع کے مطابق آج یعنی 14 اگست بروز جمعہ میر گنڈ بڈگام میں تنظیم کے اہتمام سے مجلس حسینیؑ کا انعقاد ہوگا ۔ واضح رہے کہ اس مجلس کے انعقاد کے حوالے سے چند لوگوں نے بے بنیاد افواہیں پھیلائی تھیں کہ مجلس ملتوی ہوگئی ہے جو سراسر غلط ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔