میلاد النبی ؐ اور یوم ولادت امام صادق ؑ انجمن شرعی کے اہتمام سے بڈگام میں شاندار جلوس میلاد، گھر گھر شراب کی دستیابی انسانی غیرت و شرافت کی بیخ کنی: آغا سید حسن

بڈگام/سرکار دو عالم حضرت محمد مصطفیٰ ؐ اور سلسلہ امامت کی چھٹی کڑی حضرت امام صادق ؑ کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے حوزہ علمیہ جامعہ باب العلم میرگنڈ بڈگام میں پروقار محفل میلاد منعقد ہوئی اور تنظیم کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی قیادت میں حسب عمل قدیم عظیم الشان جلوس میلاد برآمد ہوا جو مرکزی امام باڑہ بڈگام میں اختتام پزیر ہوا۔

جلوس میلاد میں شاخہائے مکاتب باب العلم کے ہزاروں طلبا و طالبات، معلمین و معلمات تنظیمی اراکین و عاملین کے علاوہ لوگوں کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔

حوزہ جامعہ باب العلم میرگنڈ بڈگام میں جلوس میلاد سے پہلے منعقدہ محفل میلاد سے خطاب کرتے ہوئے آغا صاحب نے پیغمبر اسلام ؐ کی حیات و سیرت اور امام صادق ؑ کے کردار و عمل پر مفصل روشنی ڈالی۔

آغا صاحب نے کہا کہ پیغمبر اکرم ؐ کی سیرت اور آپؐ کی شریعت دنیائے بشریت کے لئے مکمل مدلل اور مفصل ضابطہ حیات ہے، قرآن کریم اسلام کا آئین ہے اور رسول اکرم ؐ کی سیرت اس آئین کا عملی نمونہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ عقیدہ عشق رسول ؐ ہر مسلمان کے ایمان و عقیدے کی بنیاد ہے قرآن سنت اور شریعت پر قائم و دائم رہنا ہی عشق رسول ؐ کی اصل اساس ہے۔

دریں اثنا مرکزی امام باڑہ بڈگام میں نماز جمعہ کے بھاری اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آغا صاحب نے کہا کہ تحفظ شریعت ایک واجبی امر ہے اور موجودہ حالات میں جب مسلمانوں پر دین و شریعت مخالف قوانین مسلط کئے جا رہے ہیں ہمیں اپنے ایمان و عقیدے کے تحفظ کے لئے متفکر ہونا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم اکثریتی وادی کشمیر میں شراب کی آزادانہ خرید و فروخت ہماری نوجوان نسل کو تباہ و برباد کرنے اور انکے جذبات احساسات اور تحفظات کا رخ کسی اور جانب موڑنے کی ایک منصوبہ بند کوشش ہے گھر گھر شراب کی دستیابی صرف مسلمانوں کے لئے باعث تشویش نہیں بلکہ یہ معاملہ انسانی غیرت اور شرافت کی بیخ کنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پورے اعتماد کے ساتھ کہہ رہے ہیں کہ کوئی بھی غیرت مند کشمیری خواہ وہ کسی بھی فرقے یا مذہب سے تعلق رکھتا ہو اس طرح کے شرمناک اقدامات کے خلاف اپنا غم و غصہ ظاہر کرے گا۔

تصویری رپورٹ کا لینک:

https://www.facebook.com/129979143698343/posts/pfbid028uAeH6HPY5ArmVpEkRYHvyvx1QkNM6oYmS9AxU1tu8JwVU22ggbS9rWwWrHHL5xEl/?sfnsn=wiwspmo

https://fb.watch/g8XY577SgP/

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔