میر گنڈ بڈگام میں انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے سالانہ مجلس حسینیؑ

سرینگر/14اگست/ جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے میر گنڈ بڈگام میں سالانہ مجلس حسینیؑ کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ اس موقعہ پر انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ حجة الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے اسلام اور انسانیت کے تحفظ و بقاءکیلئے اہلبیت نبوی ؑ کی عظیم قربانیوں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان ذوات مقدسہ سے عقیدت و محبت کا حقیقی طریقہ ان کے کردار و عمل کی پیروی ہے۔ اپنی محبت و عقیدت کا مظاہرہ کرنے کیلئے ہمیں ان نفوس قدسیہ کے سیرت طیبہ کو مشعل راہ بنانا ہے اور یہی محبت و عقیدت کا تقاضا بھی ہے ۔ بعد ازاںحجة الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی ایران میں منعقد ہونے والی سالانہ مجمع جہانی اہلبیتؑ کانفرنس میں شرکت کیلئے تہران روانہ ہوئے ہیں۔ آغا صاحب مجمع جہانی اہلبیتؑ کانفرنس کے دائمی ممبر ہیں ۔ مذکورہ کانفرنس میں دنیائے اسلام کے طول و عرض سے مسلمانوں کے مختلف مسالک سے وابستہ ہزاروں مقتدر علمائے دین اور سینکڑوں معتبر دینی تنظیموں کے سربراہان کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ کانفرنس میں عالم اسلام کی مجموعی صورتحال اور امت مسلمہ کے مصائب و مشکلات اور عالم اسلام سے متعلق سلگتے سیاسی امورات زیر بحث لائے جاتے ہیں۔ آغا صاحب کانفرنس کو ریاست جموں کشمیر میں اقامت دین، اتحاد بین المسلمین اور یہاں کی مسلم آبادی کے سماجی ، سیاسی اور معاشرتی صورتحال سے آگاہ کریں گے۔ توقع ہے کہ انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ کانفرنس کے اختتام کے بعد اسلامی جمہوریہ ایران کی کئی قدآور دینی شخصیات اور حکومتی عہدہ داروں سے ملاقی ہونگے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔