موسوی پارک اندرکوٹ سمبل میں سالانہ مجلس حسینی، آغا حسن نے معرکہ کربلا کے مختلف گوشوں کی وضاحت کی

جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے موسوی پارک اندرکوٹ سمبل سوناواری میں سالانہ مجلس حسینی کا انعقاد ہوا، مجلس عزا میں ہزاروں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔

اس موقعہ پر انجمن شرعی شیعیان کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے شہادت عظمیٰ کے مقاصد اور معرکہ کربلا کے مختلف گوشوں کی وضاحت کی۔

آغا صاحب نے کہا کہ شہدائے کربلا ؑ نے اسلام اور انسانیت کی سربلندی کے لئے عظیم قربانیاں پیش کرکے عزم و استقامت کی ایک تاریخ رقم کی، ان برگزیدہ شخصیات نے انسانیت سوز مظالم برداشت کئے لیکن ظلم اور باطل کے ساتھ کوئی ہم کاری نہیں کی۔

آغا صاحب نے کہا کہ نواسہ رسول حضرت امام حسین ؑ نے اپنے مقدس لہو سے اسلام اور شریعت اسلامی کی حفاظت کا ایک لایحہ عمل مرتب کیا شہدائے کربلا ؑ کی یاد میں مجالس عزا کربلا کے پیغام کو زندہ رکھنے اور دنیا تک پہنچانے کا ایک موثر ذریعہ ہے اور شہیدان کربلا ؑ کو خراج عقیدت اور ان سے وابستگی کا سب سے بہترین مظاہرہ یہ ہے کہ ہم دین و شریعت کی پاس داری کریں اور ہر حال میں حدود الٰہی کا پاس و لحاظ رکھیں۔

مجلس حسینی میں نمائندہ ولی فقیہ کے نمائندہ حجت الاسلام والمسلمین سید تقی نقوی صاحب نے بھی شرکت کی۔

تقی صاحب نے کشمیر میں آغا موسوی خانوادہ کی دینی و تبلیغی خدمات کو سرہاتے ہوئے کہا کہ آغا موسوی خانوادے کی دینی خدمات ناقابل فراموش ہیں انہوں نے حضرت امام خمینی ؒ کو ان کی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔