ماہ رجب میں زیادہ سے زیادہ عبادت خدا میں مصروف رہیں، خطبہ جمعہ میں آغا سید حسن کا اہم خطاب

(بڈگام) جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے صدر، حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے مرکزی امام بارگاہ بڈگام میں نماز جمعہ کے خطبوں میں ماہ رجب کی فضیلت بیان کرتے ہوئے مومنین سے اس مہینے میں زیادہ سے زیادہ عبادت خدا، توبہ و استغفار اور نیک اعمال انجام دینے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ رسول اکرم کی حدیث کے مطابق ماہ رجب ماہ خدا کا مہینہ ہے لہٰذا ہمیں اس مہینے میں زیادہ سے زیادہ توبہ و استغفار کرتے ہوئے خداوند متعال سے طلب رحمت کرنی چاہیئے۔

آغا سید حسن نے ماہ رجب کی فضیلت میں بیان کی گئی احادیث کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ رجب المرجب اللہ کا مہینہ ہے، یہی وجہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب سید المرسلین صلی اللہ علیہ وآلہ و سلم کو اپنی حسن الوہیت و ربوبیت کی جلوہ گاہوں میں ستائیس رجب کی شب بلا کر "معراج شریف” سے مشرف فرمایا۔

آغا سید حسن نے شہر سرینگر میں جواں سال دوشیزہ کے چہرے پر تیزاب چھڑکنے کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے واقعات کا پیش آنا ہم سب کے لیئے لمحہ فکریہ ہے اور موجودہ حکومت جموں کشمیر میں قانون کو نافذ کرنے میں بری طرح سے ناکام ہوچکی ہے کیونکہ جموں و کشمیر میں اس طرح کے واقعات کبھی بھی پیش نہیں آتے تھے لیکن اب اس طرح کے واقعات کا پیش آنا حکومت کی ناکامیوں کی واضح دلیل ہے۔

واضح رہے یکم فروری کی شام پولیس اسٹیشن نوہٹہ کے تحت آنے والے علاقے حول میں ایک 24 سالہ لڑکی پر تیزاب پھینکا گیا جس کے نتیجے میں لڑکی کا چہرہ بری طرح سے جھلس گیا اور آنکھوں کے کارنیا Eye Cornea کو بھی کافی نقصان پہنچا، اس واقعہ کے خلاف کشمیر کے متعدد علاقوں میں شدید احتجاجی مظاہرے بھی کیئے گئے اور مرکزی امام بارگاہ بڈگام میں بھی نماز جمعہ کے بعد اس دردناک واقعے کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔