فخر کشمیر، قائد مرحوم آغا سید مصطفیٰ الموسوی ؒ کی 20 ویں برسی پر انجمن شرعی شیعیان کشمیر کا زبردست خراج عقیدت

(بڈگام)  فخر کشمیر، قائد محبوب و دلعزیز، حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید مصطفی الموسوی الصفوی کی 20 برسی کے موقعہ پر انجمن شرعی شیعیان کشمیر کے اہتمام سے وادی بھر میں خصوصی مجالس کا انعقاد کیا گیا اور انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

کشمیر کے معروف و مشہور خانوادۂ موسوی کے جلیل القدر عالم دین اور انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر کے صدر مرحوم، محبوب ملت، حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید مصطفیٰ الموسوی الصفوی کی 20 برسی کے موقعہ پر انجمن کے اہتمام سے وادی بھر میں خصوصی مجالس کا انعقاد کیا گیا، جبکہ انجمن کے اہتمام سے وادی بھر میں منعقد ہونے والے اجتماعات میں مرحوم قائد کے ایصال ثواب کیلئے اجتماعی فاتحہ خوانی و قرآن خوانی کے ساتھ ساتھ مجالس عزا بھی منعقد ہوئیں۔

اس موقعہ پر علماء کرام نے مرحوم قائد کی دینی ،تبلیغی، علمی، سماجی، سیاسی اور ملی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی،  علماء حضرات نے آقای مرحوم کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مرحوم کو اپنے آباء و اجدا کے 5 سو سالہ تبلیغی مشن کا لا مثال امین و محافظ قرار دیا۔

علماء کرام نے صدر مرحوم کی صبر و استقامت، قوت برداشت، نفس کشی اور جذبۂ احیائے شریعت کو شیعیان کشمیر کا سرمایۂ افتخار قرار دیتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے کشمیر میں دین و شریعت کی ترویج اور مسلک و ملت کی سربلندی کیلئے بانئ انجمن شرعی شیعیان کا معتمد اور جانثار بن کر جو گرانقدر خدمات انجام دی ہیں وہ خانوادہ موسوی کی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہیں۔

اس موقعہ پر اراکین و عاملین نے مرحوم کے تبلیغی مشن کو جاری و ساری رکھنے کیلئے مرحوم رہنما کے خلف صالح کے ہاتھ مضبوط سے مضبوط تر بنانے کا عزم دہرایا۔

مرکزی امام باڑہ بڈگام میں بھاری اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انجمن شرعی شیعیان کے صدر، حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کہا کہ بانی انجمن شرعی شیعیان آیت اللہ آغا سید یوسف الموسوی الصفوی ؒ جیسے مدبر، مخلص، متقی اور ولولہ انگیز عالم جلیل اور حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید مصطفی الموسوی الصفوی جیسے ایصار و وفاکیش شخصیت شیعیان کشمیر کیلئے ایک عظیم نعمت الٰہی تھی۔

کشمیر میں ترویج دین اور احیائے شریعت کیلئے موصوفات کا باہمی اعتماد اور وفا شعاری ہم سب کیلئے مشعل راہ ہے۔

آغا سید حسن نے کہا کہ صدر مرحوم کی پُر کشش اور ولولہ آفرین شخصیت کا راز، آباء و اجدا کی راہ و روش کی پیروی اور اپنے مربی و قائد کی صحبت و تربیت اور مثالی اطاعت و فرمانبرداری تھی۔

واضح رہے کہ محبوب ملت، آغا سید مصطفی الموسوی الصفوی کی بیسویں برسی کی مناسبت سے وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں مجالس عزا کا انعقاد کیا گیا جن میں اراکین انجمن کے علاوہ وادی کشمیر کے مومنین کی جانب سے بھی صدر مرحوم کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا اور ان کی شاندار خدمات کو یاد کرتے ہوئے ان کے نقش قدم پر چلنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔