صدر انجمن شرعی شیعیان حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی کا پیغام ماہ مبارک

(بڈگام) جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے ماہ مبارک رمضان کی آمد پر اہم بیان جاری کیا ہے جس کا متن مندرجہ ذیل ہے:

بِسْمِ اللّہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

شَهْرُ رَمَضَانَ الَّذِي أُنْزِلَ فِيهِ الْقُرْآنُ هُدًى لِلنَّاسِ وَبَيِّنَاتٍ مِنَ الْهُدَى وَالْفُرْقَانِ فَمَنْ شَهِدَ مِنْكُمُ الشَّهْرَ فَلْيَصُمْهُ

خدا کی طرف بازگشت کا ماہ مبارک رمضان الکریم ایک بار پھر اپنی بے پناہ رحمتوں اور عنایات کے ساتھ جلوہ افروز ہو رہا ہے، میں جملہ مسلمین عالم کی خدمت میں رمضان المبارک کا ہدیہ تہنیت پیش کرتا ہوں اور عالم اسلام کی سربلندی کے لئے اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں دعا گو ہوں، یہ متبرک مہینہ مسلمانوں کے لئے ایک بے بدل الٰہی تحفہ ہے اور ہمیں اپنی زندگی کو اسلامی اصولوں کے سانچے میں ڈھالنے کی تربیت کا موقعہ فراہم کرتا ہے۔

یہ اصلاح نفس، طہارت قلب ،جذبہ صبر و استقامت کے استحکام، انسانی اخوت و ہمدردی کی تجدید، خواہشات نفسانی کی مخالفت اور اللہ تعالیٰ کے سامنے خود سپردگی کا مہینہ ہے، نزول قرآن ماہ مبارک کی عظمت کا درخشان پہلو ہے، حدیث نبوی ؐ ہے کہ انتہائی بد بخت ہے وہ شخص جس نے رمضان المبارک کو پایا اور اپنے گناہوں کی بخشش نہ کروا سکا، لہذا ماہ مبارک کے ایام کو غنیمت سمجھ کر اپنی آخرت سنوارنے کی فکر کی جائے، نزول قرآن کے اس مہینے میں زیادہ سے زیادہ تلاوت قرآن کریم کا اہتمام کیا جائے اور قرآن مقدس کے معنی و مفاہیم اور فکر و پیغام کی طرف اپنے قلب و ذہن کو متوجہ رکھیں، یہ مہینہ خاص طور پر محتاج و مساکین کی دل جوئی کا مہینہ ہے، دور حاضر میں کرہ عرض پر اسلام، شریعت اسلامی اور مسلمانوں کے خلاف ایک زہر آلود مہم جوئی کا سلسہ جاری ہے ان حالات میں اپنے ایمان و عقیدے کو زندہ رکھیں اور شریعت نوازی کا تجدید عہد دہرائیں، یہی ماہ مبارک کا اہم فلسفہ ہے۔

اللہ تعالیٰ ہم سب کو ماہ مبارک کے فیوض و برکات سے استفادہ کی طاقت و توفیق عطا کرے، میں اس بابرکت مہینے کی آمد پر تمام امت مسلمہ کی خدمت میں تبریک و تہنیت پیش کرتے ہوئے اللہ رب العزت کی بارگاہ میں دنیائے بشریت کی امن و سلامتی کے لئے دعا گو ہوں۔

صدر انجمن شرعی شیعیان حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی کا پیغام ماہ مبارک

سید حسن الموسوی الصفوی/ صدر انجمن شرعی شیعیان کشمیر

30/03/2022

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔