شہدائے پشاور کے ایصال ثواب کے لئے وادی بھر میں نمازِ جمعہ کے اجتماعات کے بعد مجالس عزاء کا انعقاد

(بڈگام) انجمن شرعی شیعیان کشمیر کی جانب سے شہدائے پشاور اور امیرا کدل سرینگر دھماکے میں شہید ہونے والے بے گناہ مسلمانوں کے ایصال ثواب کے لئے وادی بھر میں نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد مجالس ترحیم کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں دشمنان اسلام کی جانب سے ہونے والی سازشوں اور شیعہ سنی اختلاف پھیلانے والے عناصر کے خلاف پرامن احتجاج کیا جائے گا۔

انجمن شرعی شیعیان کشمیر کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے پشاور خودکش حملے اور سرینگر کے امیراکدل دھماکے  میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے وادی بھر میں ہونے والے نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد مجالس ترحیم منعقد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہیکہ اس طرح کے واقعات شیعہ اور اہل سنت کے درمیان اختلاف پھیلانے کی گہری سازش ہے، لہٰذا تمام مسلم امہ کو مل کر اس طرح کے واقعات کے خلاف احتجاج کرنے کی ضرورت ہے، اسی لیئے انجمن شرعی شیعیان نے یہ فیصلہ کیا ہیکہ نماز جمعہ کے بعد اس طرح کی انسان دشمن سازشوں اور دشہت گردانہ کاروائیوں کے خلاف پرامن احتجاج کیا جائے گا اور مسلمانوں کے مابین اتحاد اور یکجہتی کا پیغام دینے کے ساتھ ساتھ دہشت گردوں کی ناپاک سازشوں کو بھی بے نقاب کیا جائے گا۔

آغا سید حسن نے اس طرح کی دہشت گردانہ کاروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام ہمیں امن اور اتحاد کا پیغام دیتا ہے اور کوئی بھی مسلمان اس طرح کی کاروائیاں نہیں کرسکتا، اور اس طرح کی کاروائیاں مسلمانوں کے مابین اختلاف پھیلانے کے لیئے دشمن کی چال ہے جس کا ہم سب کو مل کر مقابلہ کرنا ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔