سیلاب سے تباہ حال کشمیر کے تئیں بھارت کا رویہ انتقام گیری کی بدترین مثال

سرینگر/5ستمبر2015/ جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان نے 7 ستمبر 2014 کے تباہ کن سیلاب سے ہوئی تباہ کاری اور پیدا شدہ سنگین مسائل سے حکومت ہند کی لاتعلقی اور کشمیریوں کو اپنے حال پر چھوڑنے کے رویہ کو سیاسی انتقام گیری کی بدترین مثال سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہندکشمیری عوام کے مصائب اور مشکلات سے خود کو بری الذمہ تصورکرکے اس حقیقت کا اعتراف کررہی ہے کہ ریاست جموں و کشمیربھارت کا قانونی حصہ نہیں۔ بھارت کی یہ انتقام گیرانہ روش کشمیری قوم کے حق آزادی کو تسلیم کرنے کے مترادف ہے۔ کشمیریوں کے تئیں بھارت کا یہ غیر انسانی رویہ ہماری تحریک آزادی کی اہمیت اور اعتباریت کو اور بھی واضح کرتا ہے۔ بھارتی پارلیمنٹ کے اسپیکر سمترا مہاجن کے اس مفروضے پر کہ کشمیری قوم نے کئی بار انتخابات میں حصہ لیکر بھارت کے حق میں فیصلہ کیا ہے کو سراسر مسترد کرتے ہوئے آغا صاحب نے کہا کہ ریاست میں رائے شماری کو عملانے تک انتظامی امورات کیلئے انتظامیہ تشکیل دینے کیلئے ریاستی عوام کا انتخابات میں حصہ لینا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے عین مطابق جو کسی بھی طور پر رائے شماری کا نعمل البدل نہیں۔ انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے واضح الفاظ میں کہا کہ ایک مسلط قوت کی حیثیت سے حکومت ہند تب تک کشمیریوں کے روز مرہ مسائل سے دامن نہیں چھڑا سکتی جب تک اس تنازعہ کا کوئی مستقل حل نہیں نکل آتا۔ بالخصوص آفات سماوی کی صورت میں سیاسی اختلافات کو یکسر فراموش کرکے انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر متاثرین کی مدد اور بازآبادکاری حکومتوں کی منصبی ذمہ داری ہوتی ہے۔ تاہم بھارت نے ثابت کردکھایا کہ وہ کشمیریوں کے معاملے میں کسی بھی انسانی یا اخلاقی ضابطہ کا پابند نہیں۔ آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کہا کہ سیلاب کے فوراً بعد متاثرہ کشمیر کی بازآبادکاری اور تعمیر نو کے بلند بانگ اعلانات کرکے حکومت ہند نے دنیا کو گمراہ کیا اور دیگر ممالک کو بھی کشمیریوں کی مدد سے باز رکھاپھر کشمیریوں کو اپنے حال پر چھوڑا گیا۔ آغاصاحب نے تباہ کن سیلاب کی پہلی برسی کے موقعہ پر مختلف طبقہ ہائے فکر کی کشمیری انجمنوں اور دینی و سیاسی جماعتوں کی طرف سے دی گئی ہڑتال کال کی مکمل حمایت کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس دن مثالی ہڑتال کرکے سیلاب زدہ کشمیریوںکے تئیں مودی سرکار کی غیر انسانی اور انتقام گیرانہ پالیسی کے خلاف اپنے غم و غصہ کا اظہار کریں اور اس دن آفات ناگہانی کے ساتھ ساتھ بھارتی تسلط سے بھی نجات کی دعائیں مانگیں۔

33 thoughts on “سیلاب سے تباہ حال کشمیر کے تئیں بھارت کا رویہ انتقام گیری کی بدترین مثال

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔