رمضان المبارک خود سازی اور تہذیب نفس کا مہینہ ہے اس سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور عبادت پروردگار کے ذریعے اس کا تقرب حاصل کریں: آغا سید حسن

(بڈگام) جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے نماز جمعہ کے خطبوں میں ماہ مبارک رمضان کی آمد پر اس کی عظمت اور فضیلت کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے ہم سب ایک بہت ہی با برکت، عظیم مہینے کا استقبال کرنے جا رہے ہیں یہ مہینہ روزہ، تلاوت قرآن کریم، احتساب و جائزہ، مغفرت، جہنم سے چھٹکارہ اور صدقہ و احسان کا مہینہ ہے، جس میں جہنم کے دروازے بند کر دیے جاتے ہیں اور جنت کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں، یہ اجر وثواب بڑھا کر دینے گناہوں کے معاف کرانے، دعاؤں کے قبول ہونے اور درجات کے بلند ہونے کا مہینہ ہے۔

آغا صاحب نے مزید کہا کہ یہی وہ با برکت مہینہ ہے کہ جس میں انسان نیکیاں حاصل کرتے ہوئے کمال کی منزل تک پہنچ سکتا ہے اور پچاس سال سے زاید کا معنوی سفر چند ساعتوں میں حاصل کر سکتا ہے، یہ اصلاح اور نفس امارہ پر کنٹرول کی ایک فرصت ہے جو اللہ تعالیٰ نے اپنے بندے کو رمضان المبارک کی صورت میں عطا کی ہے۔

انہوں نے اپنے خطبے میں کہا کہ بلاشبہ خوش نصیب ہیں وہ لوگ جنہیں ایک مرتبہ پھر یہ ماہ مبارکہ نصیب ہو رہا ہے ورنہ تو کتنے لوگ ہیں جو گزشتہ سال ہمارے ساتھ تھے لیکن آج وہ اس دار فناء سے دار بقاء کی طرف منتقل ہو چکے ہیں، یہ خالصتاً ایک توفیق الٰہی ہے تاکہ انسان ان ایام میں اپنی خوش نصیبی پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے اللہ کی بخشش طلب کرے، یہ مہینہ خود سازی کا مہینہ ہے تہذیب نفس کا مہینہ ہے اس ماہ میں ہم اپنے نفس کا بہترین تزکیہ کر سکتے ہیں۔

آغا سید حسن نے کہا کہ یہ مہینہ جہاں انفرادی اصلاح، تزکیہ نفس اور عبادت کا تقاضا کرتا ہے وہیں خلق خدا سے محبت، ہمدردی اور خیر خواہی کا بھی متقاضی ہے اور سب سے بڑی خیر خواہی تو یہی ہے کہ انسانیت اپنے خالق کائنات کے بتائے ہوئے طریقہ زندگی کو نہ صرف خود اختیار کرے بلکہ دوسروں کو بھی بندگی رب کے راستہ پر لگایا جائے تاکہ وہ اپنے نفس کی بندگی کے بجائے ربّ کی خواہش و مرضی کے مطابق اپنی پوری زندگی گزار سکیں۔

One thought on “رمضان المبارک خود سازی اور تہذیب نفس کا مہینہ ہے اس سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور عبادت پروردگار کے ذریعے اس کا تقرب حاصل کریں: آغا سید حسن

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔