رسول اکرمﷺ کے سبط اکبر حضرت امام حسن المجتبیٰ ؑ کے یوم ولادت پر صدر محترم کا ہدیہ تہنیت

سرینگر/2جولائی2015/ سرور کائنات حضرت محمد مصطفی کے سبط اکبر سیدنا حضرت امام حسن المجتبیٰ ؑ کے یوم ولادت کے موقعہ پر فرزندان اسلام کو ہدیہ تہنیت پیش کرتے ہوئے انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ حجة الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے امام عالیمقامؑ کے سیرت و کردار کی پیروی کو دنیائے اسلام کے موجودہ حالات میں ملت اسلامیہ کی کامیابی اور مصائب سے نجات کی کلید قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ سیدنا حضرت امام حسن ؑ جس قدر شکل و صورت میں اپنے نانا کے مشابہ تھے اسی قدر ان کا کردار و عمل، صفات و خصائیل ، عادات و اطوار بلکہ ہر ادا اپنے نانا کے سیرت کی عملی تفسیر تھی۔ تاریخ اسلام میں آپؑ کی شریف النفسی، ملنساری، انسانی ہمدردی، بردباری اور زہد و تقویٰ کی مثال نہیں ملتی۔ امام عالیمقامؑ نے تاریخ اسلام کے ایک انتہائی حساس اور نازک موڑ پر ملت اسلامیہ کے اتحاد واخوت اور اسلام کی سربلندی کیلئے تاریخ بشریت کی وہ عظیم الشان قربانی پیش کی جو رہتی دنیا تک ملت اسلامیہ کیلئے مشعل راہ ہے۔ آپؑ نے اپنے منصب ظاہری کو خندہ پیشانی سے قربان کیا لیکن ملت اسلامیہ میں گروہ بندی کو گوارا نہیں کیا اور مسلمانوں پر واضح کیا کہ اتحاد اسلامی ہر چیز سے بالاتر اور ازحد ضروری ہے۔

آج جب دنیا کی استکباری قوتیں امت مسلمہ کو مسلکی بنیادوں پر ایک دوسرے کا خون بہانے پر اکسانے کی گھناونی منصوبہ بندی پر عمل پیرا ہیں۔ مسلمانوں کی عبادت گاہیں اور مقامات مقدسہ خود مسلمانوں کیلئے محفوظ نہیں۔ ایسے حالات میں حضرت امام حسن المجتبیٰ ؑ کا سیرت و کردار دنیائے اسلام کیلئے مشعل راہ اور کامیابی کی کلید ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔