ایرانی انقلاب کی تینتالیسویں سالگرہ، آغا سید حسن کی جانب سے رہبر معظم اور ایرانی قوم کو مبارکباد

(بڈگام)  جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے صدر، حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے ایرانی انقلاب کی تینتالیسویں سالگرہ کی مناسبت سے رہبر معظم انقلاب اسلامی ایران، حضرت آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای مدظلہ العالی، ایرانی قوم اور پوری مسلم امہ کو مبارکباد پیش کی۔

حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی کے پیغام کا متن مندرجہ ذیل ہے:

بسم الله الرحمن الرحیم
« وقل جاءَ الْحَقُّ وَ زَهَقَ الْباطِلُ إِنَّ الْباطِلَ کانَ زَهُوقا »

جمہوری اسلامی ایران کا انقلاب دنیا بھر کے مظلوم و مستضعفین کے لئے ایک امید بن گیا جس سے ان میں ہمت و حوصلہ پیدا ہوا جس کی وجہ سے آج دنیا بھر کی مظلوم قومیں ظالم و جابر حکمرانوں کے خلاف سینہ سپر ہوکر ظلم و بربریت کے خلاف برسر پیکار ہیں۔

ایرانی انقلاب کی کرنیں دنیا بھر کے گوشے گوشے تک پھیل چکی ہیں جس کی دنیا بھر کی استعماری طاقتوں کے ایوانوں میں زلزلہ پیدا ہوچکا ہے اور آج دنیا بھر کے مظلوموں کی نظریں ایران پر ہیں کیونکہ ایران ہی وہ واحد ملک ہے جو دنیا بھر کے مظلوموں کی ہمیشہ حمایت کرتا آیا ہے۔

ایران نے ہمیشہ فلسطین، یمن، کشمیر، شام، افغانستان اور دنیا بھر کے مظلوموں کی ہمیشہ پشت پناہی کی ہے جس کی وجہ سے ان میں ظالم حکمرانوں کے خلاف لڑنے کی ہمت اور جذبہ پیدا ہوا ہے۔

دنیا کی ظالم حکومتیں یہ جان لیں کہ وہ جتنا چاہیں ظلم کرلیں لیکن انہیں یاد رکھنا چاہیئے کہ ہر رات کے بعد صبح کا سورج طلوع ہوتا ہے اور ان شاءاللہ اس ظلم و ستم کی تاریکی کے بعد عدل و انصاف کا سورج ضرور طلوع ہوگا اور دنیا بھر میں عدل و انصاف کا بول بالا ہوگا۔

امام خمینیکی قیادت میں 1979 میں دنیائے اسلام کا پہلا عوامی انقلاب رونما ہوا جس کے نتیجے میں مشرق وسطیٰ کا سب سے طاقتور شاہی نظام حکومت زمین بوس ہوگیا۔

ایرانی انقلاب سے باطل چلا گیا اور حق آگیا، عوامی طاقت سے امام خمینی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ نے انقلاب برپا کیا، ایرانی قوم نے جو کارنامے سر انجام دیے ہمیں ان پر فخر ہے۔

میں اس عظیم دن کی مناسبت سے پوری کشمیری قوم کی جانب سے رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای مد ظلہ العالی، ایرانی قوم اور دنیا بھر کے تمام مستضعفین کی خدمت میں تبریک و تہنیت پیش کرتا ہوں۔

آغا سید حسن الموسوی الصفوی

صدر انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر، دارالمصطفیٰ بڈگام کشمیر

10/02/2022

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔