انجمن شرعی شیعیان کی جانب سے چک باغ حضرت بل میں جشن مولود کعبہ کی پرمسرت تقریب، آغا سید مجتبیٰ کا خصوصی خطاب

(سرینگر)  جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کی جانب سے حسب سابق امسال بھی چک باغ حضرت بل میں وصیِّ مصطفیٰ(ص)، علیِّ مرتضیٰ(ع)، امیرالمؤمنین(ع)، امام المتقین حضرت علی علیہ السلام کی ولادتِ باسعادت کی مناسبت سے ایک عظیم الشان جشن کا اہتما کیا گیا جس میں ضلع سرینگر کے شاخہ ہای جامعہ باب العلم کے بچوں نے رنگارنگ طریقوں سے امام اول، حضرت امیر المومنینؑ کو عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔

جشنِ مولودِ کعبہ کے اس پرمسرت موقع پر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید مجتبیٰ عباس الموسوی الصفوی نے امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، رہبر معظم انقلاب اسلامی، مراجع کرام اور تمام مسلم امہ کو حضرت علی علیہ السلام کی ولادتِ باسعادت کے بابرکت موقع پر ہدیہ تبریک پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو مولائے کائنات کی سیرت پر عمل کرتے ہوئے اپنی زندگی کو اسلامی طریقے سے گزارنے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر آغا سید مجتبیٰ نے اپنے صدارتی خطبے میں پروگرام میں شرکت کرنے والے بچوں کی حوصلہ افزائی بھی کی اور ان کی پر جوش کارکردگی پر تشویق کی۔

موصوف نے امیرالمومنین علی ابن ابی طالب علیہ السلام کے مختلف گوشوں کو ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ عالم بشریت کے لئے امیرالمومنین کی زندگی نمونہ عمل ہے، یہ محافل منانے کا اصل مقصد یہی ہے کہ ان کے نقش قدم پر چلنے کے لئے تجدید عہد کیا جائے اختتام پر آغا صاحب نے دعائیہ کلمات دہرائے اور اس پر فیض و برکت محفل میں شرکت کنندگان کا شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ اس جشن میں حجت الاسلام والمسلمین آغا سید مجتبٰی عباس الموسوی کے علاوہ دیگر علمائے کرام نے بھی شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔