انجمن شرعی شیعیان کی جانب سے باب العلم پبلک ہائر سیکنڈری اسکول بڈگام میں جشنِ مولود کعبہ کی پرجوش تقریب

(بڈگام)  جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کی جانب سے باب العلم پبلک ہائر سیکنڈری اسکول بڈگام میں وصیِّ مصطفیٰ(ص)، علیِّ مرتضیٰ(ع)، امیرالمؤمنین(ع)، امام المتقین حضرت علی علیہ السلام کی ولادتِ باسعادت کے پرمسرت موقع پر ایک پرجوش تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں بڈگام کے مکاتب کے بچوں نے بہترین انداز میں مولائے کائنات کی شان میں پروگرام پیش کیئے۔

اس موقع پر صدر انجمن شرعی، حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے اپنے خطاب میں مولائے کائنات کی سیرت پر چلنے کو کامیابی کا اہم راز قرار دیتے ہوئے کہا کہ مولائے کائنات نے تمام تر مشکلات کے باوجود کبھی بھی پیغمر اکرم کا ساتھ نہیں چھوڑا اور دین اسلام کی بقا اور سربلندی کے لیئے ہمیشہ برسر پیکار رہے۔

آغا سید حسن نے اس عظیم اور بابرکت دن کی مناسبت سے امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، رہبر معظم انقلاب اسلامی، مراجع کرام اور تمام مسلم امہ کو حضرت علی علیہ السلام کی ولادتِ باسعادت کے بابرکت موقع پر ہدیہ تبریک پیش کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ہم مولائے کائنات کی سیرت پر عمل نہیں کرتے دین اور دنیا میں کامیابی ملنا ممکن نہیں ہے۔

آغا سید حسن نے سماج کو ایک مہدوی سماج بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب کے لیئے ضروری ہیکہ مولائے کائنات کے فرزند، امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے لیئے خود کو تیار کریں اور ایسے کام کریں جن سے امام کے ظہور میں تعجیل ہو اور پوری دنیا سے ظلم و شرپسندی کا خاتمہ ہو۔

آغا صاحب نے پروگرام کے اختتام پر بہترین انداز میں کلام پیش کرنے والے ایک ننہے بچے کو انعام سے نوازتے ہوئے خداوند متعال سے دعا کی کہ وہ ہم سب کو امیر المومنین علیہ السلام کی سیرت پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہم سب کو امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کا سچا سپاہی قرار دے۔

واضح رہے کہ اس پروگرام میں صدر انجمن شرعی شیعیان کشمیر کے علاوہ دیگر متعدد علمائے کرام نے بھی شرکت کی اور مولائے کائنات کی بارگاہ میں اپنا نذرانہ عقیدت پیش کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔