انجمن شرعی شیعیان ضلع سرینگرکے اراکین و عاملین کا خصوصی محرم اجلاس، ضلع سرینگر میں  منعقد ہونے والی محرم تقریبات کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی

بڈگام/ جموں و کشمیر انجمن  شرعی شیعیان ضلع سرینگرکے اراکین و عاملین کا خصوصی محرم اجلاس تنظیم کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی صدارت میں خانقاہ حضرت میر شمس الدین اراکی ؒ پر منعقد ہوا۔
اجلاس میں انجمن شرعی شیعیان کے زیر اہتمام ضلع سرینگر میں منعقد ہونے والی محرم تقریبات بالخصوص جلوس ہائے عزا کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی اور محرم الحرام سے جڑے دیگر اہم معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں عوام الناس سے اپیل کی گئی کہ وہ محرم الحرام کے دوران مفاد خصوصی رکھنے والے عناصر پر کڑی نگاہ رکھیں جو اس عظیم مہینے میں مسلکی اختلافات کو ہوا دیکر آپسی اتحاد و اخوت کو نقصان پہنچانے کے در پے رہتے ہیں عزا داروں سے اپیل کی گئی کہ مجالس اور جلوس ہائے عزا کے دوران نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آغا صاحب نے کہا کہ ماہ محرم نواسہ رسول ؑ اور ان کے باوفا عزیز و اقارب کی عظیم قربانیوں اور ان کے صبر و استقامت کو عقیدت کا خراج نذر کرنے کا مہینہ ہے شہدائے کربلا ؑ کے مصائب پر گریہ و زاری ایک مسنون عمل ہے شہدائے کربلا ؑ نے اپنے مقدس خون سے اسلام و انسانیت کو ایک نئی زندگی عطا کی امت محمدیہ ؐشہدائے کربلا کی ممنون و مقروض ہے شہدائے کربلاؑ کی عزاداری صرف ایک رسم نہیں بلکہ ایک تحریک ہے جس نے نہ صرف مقصد عاشورہ کو زندہ رکھا بلکہ ہر زمانے میں تبلیغی تقاضے بھی پورے کئے ہیں۔
انہوں نے اراکین و عاملین سے تاکید کی کہ وہ جلوس ہائے عزا کی شان و عظمت کو دو بالا کرنے کے لئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔