یوم عرفہ کے حوالے سے انجمن شرعی شیعیان کی خصوصی تقریبات

سرینگر/ 22ستمبر2015/جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ حجة الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے عید الاضحی کو تقرب الٰہی کیلئے عزیز سے عزیز تر چیز کی قربانی کیلئے شعوری آمادگی کی پیامی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یوم عرفہ اپنی معنویت کے لحاظ سے عید الاضحی سے بھی پُر عظمت اور پُر فضیلت دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے ہر عمل کی بنیاد نیت پر رکھی ہے ۔ یوم عرفہ کو سیدنا حضرت ابراہیم ؑ نے نیت خالص باندھ کر اپنے خواب کو پورا کرنے کیلئے اپنے فرزند سیدنا حضرت اسمائیل کو راہ خدا میں ذبح کرنے کا مصمم ارادہ کیا اور وہ تمام چیزیں مہیا کی جو ذبیح کو انجام دینے کیلئے کام آتی ہیں۔ سیدنا ابرہیمؑ کی اسی نیت طاہرہ، جذبہ ایثار اور عزم مصمم کی وجہ سے اللہ تعالیٰ نے یوم عرفہ کو فضیلت و عظمت عطا کی جس کا اندازہ مشہور و معروف دعائے عرفہ سے لگایا جاسکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ عالم تشعیت میں روز عرفہ کے دن دعائے عرفہ کی اجتماعی مجلسوں کی بے حد تاکید کی گئی ہے۔ یوم عرفہ سفیر امام حسینؑ حضرت مسلم بن عقیل ؑ کا یوم شہادت بھی ہے۔ جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے یوم عرفہ اوریوم شہادت سفیر امام حسینؑ 24 ستمبر 2015 بروز جمعرات وادی کے اطراف و اکناف میں خصوصی مجالس کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔ اس سلسلے کی مرکزی اجتماعات مرکزی امام باڑہ بڈگام اور قدیمی امام باڑہ حسن آباد میں منعقد ہونگے جہاں مجلس عزا اور دعائے عرفہ کی اجتماعی روح پرور مجالس بھی منعقد ہونگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔