یوم ضربت مولا علی ؑ مرکزی امام باڑہ بڈگام میں شب خوانی اور مجلس عزا، صدر انجمن شرعی شیعیان آغا سید حسن نے امیر المومنین ؑ کے واقعات شہادت بیان کئے

(بڈگام) امیر المومنین حضرت علی ابن ابی طالب ؑ کے یوم ضربت 19رمضان المبارک اور شب قدر کے سلسلے میں مرکزی امام باڑہ بڈگام میں شب خوانی اور مجلس عزا منعقد ہوئی اس مناسبت سے وادی کے طول عرض میں بھی حسب عمل قدیم مجالس کا انعقاد کیا گیا، مرکزی امام باڑہ بڈگام میں منعقدہ مجلس عزا میں مومنین کی خاصی تعداد نے شرکت کی جہاں مجلس عزا کے ساتھ ساتھ شب قدر کے خصوصی اعمال انجام دئے گئے۔

اس موقعہ پر انجمن شرعی شیعیان کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے امیر المومنین حضرت علی المرتضیٰ ؑ کی سیرت کارناموں اور مسجد کوفہ میں شہادت کے واقعات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

آغا صاحب نے کہا کہ پیغمبر اسلام ؐ کی نصرت و حمایت اور اسلام کی دعوت و حفاظت میں مولا علی ؑ کا کردار این و بیان ہیں جس کے ساتھ کسی بھی شخص کا موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ تمام مکتب فکر کے مسلمانوں کو مولا علی ؑ کی عظمت اور مقام و منزلت کا ایمان بھی ہے عقیدہ بھی ہے اور اعتراف بھی ہے اور سب جانتے ہیں کہ زمانے کی ستم ظریفیوں کی وجہ سے اس نفس قدسیہ کو تنہائی مظلومیت اور محرومیت کا سامنا کرنا پڑا، مولا علی ؑ نے 25 سالہ گوشہ نشینی اختیار کی تاکہ امت مسلمہ میں کوئی انتشار واقع نہ ہوسکے جب امت مسلمہ کی پر زورخواہش اور مطالبے پر مولا علی ؑ منصب خلافت براجمان ہوئے تو مصلحتاً اسلام قبول کرنے والے اقتدار پرستوں نے ان کے خلاف سازشیں شروع کیں اور یہی سازشیں جنگ صفین اور جنگ نہروان پر منتج ہوئیں بالآخر گروہ خوارج کے ایک شقی ترین درندہ عبدالرحمان ابن ملجم نے 19 ماہ رمضان المبارک کو روزہ اور سجدہ کی حالت میں مولا علی ؑ کے سر مبارک پر زہر آلود ضربت لگائی اور تین دن کے بعد مولا علی ؑ کی شہادت واقع ہوئی۔

آغا صاحب نے کہا کہ 19 رمضان المبارک سے لیکر 21ماہ رمضان المبارک وابستگان امامت و ولایت کے لئے روز عاشورا سے کم نہیں ان ایام حزن میں نہ صرف مصائب علی ؑ بیان کئے جائیں بلکہ مومنین، امامت و ولایت سے اپنی غیر متزلزل وابستگی اور ایمان و عقیدہ کو ہر قسم کے حالات میں زندہ اور تابندہ رکھنے کا تجدید عہد بھی دہرائیں، 19ماہ رمضان المبارک کو بھی امام باڑہ بڈگام میں نماز ظہرین کے بعد یوم شہادت علی ؑ کے سلسلے میں مجلس عزا منعقد ہوئی اور آغا صاحب نے موقعہ کی مناسبت سے مجلس پڑھی، مجلس عزا کا یہ سلسہ 21 ماہ رمضان المبارک تک جاری رہے گا۔

مجلس عزاء کا لینک:https://fb.watch/cxg9mNv3k1/

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔