یوم جوان کی مناسبت سے انجمن شرعی شیعیان کی جانب سے عظیم الشان تقریب کا انعقاد، آغا سید حسن نے معاشرے میں جوانوں کے اہم کردار پر روشنی ڈالی

(بڈگام) نواسہ رسولؐ حضرت امام حسین ؑ کے محبوب فرزند شبیہ مصطفیٰ ؐ حضرت علی اکبر ؑ کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان نے امام بارگاہ وترونی بڈگام میں یوم جوان کا انعقاد کیا، تقریب سعید میں نوجوانوں کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سعید کی صدارت انجمن شرعی شیعیان کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کی جبکہ نظامت کے فرائض قاری قمر علی صوفی نے انجام دیئے۔

انجمن شرعی شیعیان کے صدر حجۃ الاسلام و المسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے حضرت علی اکبر ؑ کے کردار وعمل کے مختلف گوشوں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان طبقہ کسی بھی قوم کا سب سے بڑا قیمتی اور بے بدل سرمایہ ہوتا ہے انہوں نے کہا کہ دین و انسانیت کی سربلندی کے لئے ایک تعلیم یافتہ دین دار اور معاملہ فہم نوجوان طبقہ کا کردار کلیدی نوعیت کا حامل ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضرت علی اکبر ؑ نے ولادت سے لیکر شہادت تک زندگی کا ایک ایک لمحہ اطاعت خدا و رسول ؐ اور امامت و لایت کی خدمت اور دفاع کے لئے صرف کیا انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کی کردار سازی کے لئے حضرت علی اکبر ؑ کی ذات گرامی ایک مکمل رول ماڈل اور نقشہ راہ ہے، ہمارے نوجوان طبقے کو سیرت علی اکبر ؑ کو ملحوظ نظر رکھکر اپنی ذمہ داریوں کا از خود تعین کرنا چاہے۔

انجمن شرعی شیعیان کے صدر کے علاوہ دیگر مقررین نے ایک صالح معاشرے کی تعمیر اور دین و انسانیت کے تحفظ و ترویج میں نوجوان طبقے کے کردار و عمل کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی معاشرے اور قوم و ملت کے عروج و زوال کا دار ومدار نوجوان پود کی راہ و روش اور فکر و سوچ پر منحصر ہوتا ہے اس لئے نوجوان کی تعلیم و تربیت بنیادی اہمیت کی حامل ہوتی ہے مقررین نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کے لئے حضرت علی اکبرؑ کا سیرت و کردار سب سے عالی و مکمل دستور العمل ہے۔

جن معززین نے اظہار خیال کیا ان میں حجت الاسلام آغا سید مجتبیٰ عباس الموسوی الصفوی ،حجت الاسلام سید محمد حسین گریند،حجت الاسلام سید یوسف الموسوی ،اور حجت الاسلام سید محمد صفوی شامل ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔