نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسین ؑ کے یوم ولادت پر آغا حسن کا ہدیہ تہنیت

سرینگر/21مئی 2015/محسن اسلام نواسہ رسول ¿ سیدنا حضرت امام حسینؑ ، قیام حسینیؑ کے پرچم دار حضرت عباس ابن علیؑ اور مقصد حسینی ؑکے وارث و امین حضرت امام زین العابدینؑ اور راہ حق میں شہادت کی موت کو شہد سے شیرین محسوس کرنے والے شہسوار حضرت قاسم بن حسنؑ ، اپنے دور میں عاشقان رسول کی نگاہوں کی ٹھنڈک ہم شکل رسول حضرت علی اکبرؑ کے ایام ولادت کے موقعے پرمحبان خانوادہ رسالت کو ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کرتے ہوئے انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ حجة الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کتاب و عترت سے تمسک والی حدیث نبوی سے انحراف کو ملت کی جملہ پریشانیوں کی کلید قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ائمہ معصومینؑ اسوہ رسول اور کتاب اللہ کی عملی تفسیر ہیں اور یہی نفوس قدسیہ وہ نور ہیں جو کتاب اللہ کے ساتھ نازل فرمایا گیا۔

سید نا حضرت امام حسین ؑ اس نور کے سلسلے کی وہ پر عزیمت کڑی ہے جس نے ظلمت باطل کے جگر کو چیر کر حق کو قیامت تک زندہ و تابندہ فرمایا۔آغا صاحب نے کہا کہ امام عالیمقام سے حقیقی محبت و عقیدت کا اولین تقاضا دین و شریعت کی حفاظت کیلئے جذبہ جانثاری ہے۔ خانوادہ نبوت کے ان نفوس قدسیہ کے ایام ولادت کے سلسلے میں انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے حسب عمل قدیم وادی کے طول و عرض میںتقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ تنظیم کے حوزات علمیہ میں اس سلسلے کی خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا۔

دریں اثنا انجمن شرعی شیعیان کے ترجمان نے شہید ملت میر واعظ مولوی محمد فاروق اور شہید حریت خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کی برسی کے موقعہ پر حریت کانفرنس کے تحریکی پروگراموں کو ثبو تاژ کرنے کیلئے حکومتی حربوں بالخصوص میر واعظ مولوی محمد عمر فاروق، انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن الموسوی الصفوی و دیگر حریت قائدین کی خانہ نظر بندیوں حریت کارکنوں کے گھروں پر پولیس چھاپوں اور شہر خاص میں ناکہ بندیوں کی شدی الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے آمرانہ طرز عمل سے تعبیر کیا۔ ترجمان نے شہید ملت ، شہید حریت اور جملہ شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تحریک کے منطقی انجام تک جدو جہد کو جاری و ساری رکھا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔