مبعث کا دن انسانی تاریخ کا سب سے بڑا اور عظیم دن ہے: آغا سید حسن

(بڈگام)  انجمن شرعی شیعیان کشمیر کے صدر، حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے روز مبعث کی مناسبت سے اہم پیغام جاری کرتے ہوئے تمام عالم اسلام کی اس بابرکت دن کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج کے اس عظیم، بابرکت اور تاریخی دن کی مناسبت سے امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای مد ظلہ العالی، مراجع کرام اور تمام مسلمانوں کی خدمت میں مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی جانب سے جاری کردی پیغام کا متن مندرجہ ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

وَ لَقَدْ بَعَثْنَا فِي كُلِّ أُمَّةٍ رَسُولاً أَنِ اعْبُدُوا اللَّهَ وَ اجْتَنِبُوا الطَّاغُوتَ

 اور یقینا ہم نے ہر امّت میں ایک رسول بھیجا ہے کہ تم لوگ اللہ کی عبادت کرو اور طاغوت سے اجتناب کرو۔

بے شک انبیاء کی بعثت کا سب سے اہم ہدف توحید کی تبلیغ تھا، سارے انبیاء لوگوں کو توحید کی طرف اور شرک سے بچنے کی طرف دعوت کرتے تھے، بعثت یعنی انسانیت کو اس کے کمالات تک پہنچانے کا اہتمام، بعثت یعنی لوگوں کو بتوں کی پرستش اور طاغوت کی اطاعت سے نکال کر پروردگار حقیقی کی عبادت اور بندگی کی طرف متوجہ کرنا ہے، بعثت یعنی لوگوں کو شرک اور دین میں بدعات کے نام سے ایجاد شدہ خرافات سے نجات دلانا ہے۔

ستائیس رجب المرجب کو جبرئیل امین، اللہ کی جانب سے غار حرا میں  آخری رسول کا عہدہ لے کر آنحضور (ص) کی خدمت میں حاضر ہوئے تاکہ وہ دنیا والوں کو صحیح راستے اور صراط مستقیم کی رہنمائی فرمائیں۔

رسول اکرم کی بعثت کا دن پورے زمانے میں باشرف ترین دن ہے،چونکہ اس سے بڑا اور کوئی واقعہ رونما نہیں ہوا ہے، دنیا میں بہت سے عظیم واقعات رونما ہوئے ہیں، عظیم انبیاء مبعوث ہوئے ہیں، انبیائے اولوالعزم مبعوث ہوئے ہیں اور بہت سے بڑے بڑے واقعات ہو گذرے ہیں لیکن رسول اکرم کی بعثت سے بڑا کوئی واقعہ نہیں ہے اور اس سے بڑے واقعہ کے رونما ہونے کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا ،کیونکہ اس عالم میں سوائے خداوند متعال کی ذات مقدس کے، رسول اکرم سے عظیم تر ہستی کوئی بھی نہیں ہے اورآپ کی بعثت سے بڑا واقعہ بھی کوئی نہیں ہے۔

ایک ایسی بعثت کہ جو رسول خاتم کی بعثت ہے اور عالم امکان کی عظیم ترین شخصیت اور عظیم ترین الہٰی قوانین کی بعثت ہے، اور یہ واقعہ اس دن رونما ہوا ہے اسی نے اس دن کو عظمت اور شرافت عطا کی ہے،  اس طرح کا دن ہمارے پاس ازل وابد میں نہیں آیا اور نہ آئے گا۔

عید سعید مبعث درحقیقت انسانی تاریخ کی عید ہے،  روز مبعث حقیقت میں ایسے پیغام کا پرچم بلند کئے جانے کا دن ہے جو بنی نوع انسان کیلئے بے مثال اور عظیم ہے، بعثت نے علم و معرفت کا پرچم بلند کیا ہے،  دوسری طرف روز بعثت عدل، رسالت اور اعلی اخلاق کیلئے جدوجہد کا نام ہے۔

لہذامیں اس عظیم اور بابرکت دن کے موقعہ پرامام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای مد ظلہ العالی، مراجع کرام اور تمام مسلمانوں اور دنیا بھر کے مستضعف لوگوں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

آخر میں خداوند متعال سے دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالی ہم سب کو بعثت پیغمبر اکرم (ص) کے جو اہداف ہیں ان کو حاصل کرنے اور ان پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

الْحَمْدُ لِلَّهِ الَّذِي هَدَانَا لِمَعْرِفَتِهِ وَ خَصَّنَا بِوِلايَتِهِ وَ وَفَّقَنَا لِطَاعَتِهِ وَالصَّلَاۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی سَیَّدِ الْمُرْسَلِیْنَ مُحَمَّدٍ وَّاٰلِہٖ الطیبین۔

آغا سید حسن الموسوی الصفوی/ صدر جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان

۲۷ رجب المرجب۱۴۴۳

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔