ماہ رمضان المبارک کے موقعہ پر صدر انجمن شرعی شیعیان کا ہدیہ تہنیت

سینگر/18جون2015/جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ حجة الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے ماہ مبارک کے موقعہ پر فرزندان توحیدکو ہدیہ تہنیت پیش کرتے ہوئے عالم اسلام کی امن و سلامتی کی دعاکی۔ انہوں نے کہا کہ ماہ مبارک اہل ایمان کیلئے اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک عظیم تحفہ ہے۔ روزہ ضبط نفس کی ایک ایمانی مشق ہے ۔ یہ صرف خواہشات نفس ہے جو انسان کو ہر وقت معبود برحق کی نافرمانی پر اُکساتی ہے۔ ماہ مبارک کی سب سے بڑی فضیلت نزول قرآن کی رات ہے۔ بتحقیق قرآن کریم دنیائے بشریت کیلئے سرمایہ نجات ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ رحمتوں و الا مہینہ مسلمانوں کو تقویٰ کی اہمیت اور قرآ ن کریم کے مقصد و مفاہیم کی طرف متوجہ کرتا ہے۔ ماہ مبارک انسانی ہمدردی اسلامی اخوت اور مساکین پروری کا درس دیتا ہے۔اس ماہ رحمت میں بندہ اور خدا ، دعا اور منزل اجابت کے درمیان کوئی پردہ حائل نہیں رہتا۔ کشمیری محکوم قوم اخروی سعادتوں کے دعاؤں کے ساتھ ساتھ اپنی مستقبل سازی کی جدوجہد اور عظیم قربانیوں کے منطقی انجام کیلئے بھی خصوصی طورپراجتماعی دعا کریں۔ خداوند تعالیٰ ہمیں اس ماہ کی فیض وبرکات اور رحمتوں سے ہمکنار کرے۔آمین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔