عید سعید فطر کی مناسبت سے صدر انجمن شرعی شیعیان کشمیر کی جانب سے پیغام تبریک

(بڈگام) جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے صدر، حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی دامت برکاتہ نے عید سعید فطر کی مناسبت سے تمام مسلمانوں کے نام پیغام تبریک جاری کیا ہے جس کا متن مندرجہ ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

عید الفطر کے متبرک موقعہ پر میں جملہ مسلمین کی خدمت میں پر خلوص ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کرتا ہوں، عالم بشریت کی امن و سلامتی کے لئے دعا گو ہوں خدا کرے کہ یہ عید ہم سب کے لئے موجودہ پریشان کن صورتحال اور مصائب سے نجات کی نوید بن کر آئے، ماہ مبارک ہم سے رخصت ہوا جس کو اللہ تعالیٰ کی توفیق شامل حال ہوئی اور ماہ مبارک میں جس نے مجاہدہ نفس کے مراحل طے کئے عید الفطر خاص طور پر انہیں لوگوں کے لئے ایک تحفہ ہے امیر المومنین علی ابن ابی طالب ؑ سے جب عید کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے فرمایا کہ عید الفطر ان لوگوں کی ہے جو خدا کی مغفرت شامل حال کرنے میں کامیاب ہوئے اور بند مومن کے لئے ہر وہ دن عید ہے جب اس سے کوئی گناہ یا خدا کی نافرمانی سرزد نہ ہو عید الفطر کو اللہ تعالیٰ نے عامتہ المسلمین کے لئے عید قرار دیا اور اسلام میں ایسی خوشی کوئی اہمیت نہیں رکھتی جس میں دیگر لوگوں کو شامل نہ کیا جا سکے یہی وجہ ہے کہ زکاۃ فطرہ کی تاکید کی گئی ہے کہ یہ صدقہ نماز عید سے پہلے مستحقین تک پہنچایا جا سکے تاکہ کوئی بھی مسلمان عید کی خوشیوں سے محروم نہ رہ سکے، آج ہم ایک بار پھر ایسے حالات میں عید الفطر منارہے ہیں جب دنیا میں ہر طرف انسانیت سوز فتنوں نے سر اٹھا یا ہیںاور انسانیت طرح طرح کے مشکلات سے دو چار ہو چکی ہیں۔
اس طرح کے حالات میں عید کے جشن کی کوئی گنجائش نہیں لہذا عید نہایت سادگی سے منائی جائے ہر قسم کی فضول خرچی سے اجتناب کیا جائے محتاج و مساکین اور حالات سے زمین بوس ہوئے افراد کی ہر ممکن مدد کی جائے اللہ تعالیٰ ہم سب کوعید کے پیغام اور فکر و فلسفے کو سمجھنے اور عملی مظاہرہ کرنے کی توفیق عطا فرمائیں۔

آغا سید حسن الموسوی الصفوی، رئیس انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔