شہید جنرل قاسم سلیمانی کو ان کی دوسری برسی پر انجمن شرعی شیعیان کا خراج عقیدت، صدر دفتر میں پروقار مجلس ترحیم کا انعقاد

(بڈگام) جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان نے اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج اور سپاہ قدس کے سربراہ شہید جنرل قاسم سلیمانی اور دیگر شہدائے بغداد کو ان کی دوسری برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

شہید جنرل قاسم سلیمانی اور ابو مہدی المہندس کی دوسری برسی کی مناسبت سے انجمن شرعی شیعیان کے صدر دفتر پر ایک پر وقار مجلس ترحیم کا انعقاد ہوا جس میں مقامی لوگوں کے علاوہ تنظیمی کارکنوں کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔

مجلس ترحیم میں متعدد علماء کرام نے شرکت کی اور شہید حاج قاسم سلیمانی کی حیات،خدمات اور نمایاں کارکردگیوں کے بارے میں اہم نکات بیان کیئے۔

مقررین نے مشرق وسطیٰ میں اسلام دشمن استکباری قوتوں کے مکروہ منصوبوں اور جارحانہ عزائم کو ناکام بنانے میں شہید قاسم سلیمانی کے کلیدی کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

انجمن شرعی شیعیان کے صدر، حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے شہید جنرل قاسم سلیمانی کو خراج عقدیت پیش کرتے ہوئے موصوف کی شہادت کو دنیائے اسلام کے لیئے ایک بہت بڑا صدمہ قرار دیا۔

آغا سید حسن نے کہا کہ انقلاب اسلامی کی حفاظت اور خطے میں مستعضفین کی نصرت و حمایت کے حوالے سے شہید موصوف کی گرانقدر خدمات اور کارناموں کو ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔

انجمن شرعی شیعیان کے صدر نے کہا کہ ایک آزاد اور خود مختار ملک کے سپہ سالار کو نشانہ بنانے کی امریکی کاروائی دہشت گردی اور غنڈہ گردی کی بدترین مثال ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شام اور عراق میں بدنام زمانہ دشہت گرد گروہ، داعش کا صفایا کرکے حاج شہید قاسم سلیمانی نے انسانیت پر جو عظیم احسان کیا وہ ناقابل فراموش ہے۔

مجلس ترحیم میں جن دیگر معززین نے اظہار خیال کیا ان میں حجۃ الاسلام سید محمد حسین گریند،حجۃ الاسلام سید محمد صفوی اور حجۃ الاسلام آغا سید مجتبیٰ عباس الموسوی شامل ہیں، جبکہ اس موقعہ پر تنظیم سے وابستہ کئی ذاکرین کرام نے بھی مرثیہ خوانی کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔