شجر کاری مخلوقات خدا کی خدمت و راحت کا ایک بہترین ذریعہ ہے،آغا سید حسن نے بہشت زہراء پارک بڈگام میں چنار کا پودا لگایا

(بڈگام) جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے بہشت زہراء ؑ پارک بڈگام میں تنظیمی کارکنوں کے ہمراہ چنار کا پودا لگایا، بہشت الزہرا ؑ پارک قصبہ بڈگام کی ایک معروف پارک ہے جو علاقہ میں نماز گاہ عاشورا کے نام سے بھی موسوم ہے جہاں ہر سال انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے برآمد کئے جا رہے جلوس عاشورا میں شامل لاکھوں لوگ نماز ظہرین ادا کرتے ہیں۔

اس موقعہ پر آغا صاحب نے اسلام میں شجر کاری کی اہمیت اور اجر و ثواب کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ شجر کاری ایک بہترین صدقہ جاریہ ہے اور مخلوقات خدا کی خدمت اور راحت کا بھی بہترین ذریعہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ درختوں سے نہ صرف انسان فائدہ حاصل کرسکتے ہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کی بہت ساری دیگر مخلوقات بھی راحت محسوس کرسکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی پارک میں سایہ دار درخت موجود نہ ہو تو ایسی پارک بے معنی ہو کر رہ جاتی ہے، انہوں نے کہا کہ چنار ہماری تہذیب و ثقافت اور تاریخ کے ساتھ جڑا ہوا ہے، کشمیر کی جس پارک میں چنار کا درخت نہ ہو اسے یہاں پارک کہنا ایک مذاق سمجھا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کی موجودہ تشویش ناک ماحولیاتی صورتحال کے پیش نظر شجر کاری کی اہمیت اور بھی بڑھ چکی ہے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔