سانحہ انہدام جنت البقیع کی مناسبت سے گنڈ حسی بٹ میں مجلس عزا کا انعقاد

سرینگر/26جولائی/ سانحہ انہدام جنت البقیع کی برسی کے موقعہ پر جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے گنڈ حسی بٹ سرینگر میں مجلس عزا کا انعقاد کیا گیا۔ واضح رہے کہ حکومت آل سعود کے ہاتھوں مدینہ منورہ کے مقدس قبرستان میں اہلبیت نبویؑ ، اصحاب رسول اور شہدائے اسلام کے مرقد ہائے مقدسہ کو منہدم کرنے کی برسی کے موقعہ پر عالم اسلام کے اطراف و اکناف میں اس اذیت ناک سانحہ کے خلاف بطور احتجاج ہر سال اجتماعات منعقد ہوتے ہیں اور حکومت آل سعود سے یہ مطالبہ دہرایا جاتا ہے کہ وہ مسلمانوں کو مزار بقیع میں اہلبیت نبویؑ ، اصحاب رسول اور شہدائے اسلام کے منہدم کردہ مزارات کی تعمیر نو کی اجازت دیں۔ مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ حجة الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے آل سعود حکومت کے ہاتھوں مزار بقیع کے انہدام کو تاریخ اسلام کا ایک سیاہ واقعہ قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ سرزمین حجاز میں موجود تمام اسلامی شعائر اور مقدس مقامات پوری ملت اسلامیہ کا سرمایہ عقیدت ہے۔ حکومت آل سعود کو اپنے فکر و اعتقاد کو بنیاد بناکر ان اسلامی شعائر کے حوالے سے فیصلہ لینے کا کوئی حق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کا مرکز ہونے کے ناطے ملت اسلامیہ کے ہر فکر و مسلک کے عقیدتی جذبات کا احترام کرنا سعودی حکمرانوں کا دینی اور ملی فریضہ ہے ۔ آغا صاحب نے مطالبہ کیا کہ حکومت آل سعود مزار بقیع کی شان رفتہ کی بحالی کے اقدامات کرکے کروڑوں مسلمانوں کے عقیدتی جذبات کا احترام کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔