رمضان المبارک کی پہلی تاریخ سے مرکزی امام بارگاہ بڈگام میں محفل انس با قرآن کا آغاز، آغا سید حسن نے زیادہ سے زیادہ قرآن کریم کی تلاوت کی تلقین کی

(بڈگام) رمضان المبارک کے شروع ہوتے ہی جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کی جانب سے مرکزی امام بارگاہ بڈگام میں محفل انس با قرآن کا آغاز ہوا جس میں صدر انجمن حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی مہمان خصوصی کے طور پر حاضر ہوئے اور انہوں نے زیادہ سے زیادہ تلاوت قرآن کریم کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان قرآن کریم کی بہار ہے، قرآن کریم سے اس مہینہ میں خاص طور پر فیض حاصل کیا جا سکتا ہے کیونکہ ماہ رمضان، نزول قرآن کا مہینہ ہے۔ اس مہینہ میں قرآن سے مانوس ہوتے ہوئے تلاوت کے علاوہ قرآن کی آیات کی گہرائی پر بھی غور اور تدبر کرنا چاہیے، اہل بیت (ع) کی سیرت اس بات کی تعلیم دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیونکہ ماہ رمضان، نزو ل قرآن کا مہینہ، اللہ کا مہینہ اور تہذیب و تذکیہ کا مہینہ ہے اور قرآن جو اس مہینہ کی شب قدر میں نازل ہوا ہے، رسول خدا (ص) کے قلب مبارک پر نازل ہوا ہے، لہذا ماہ رمضان قرآن کی تجلی گاہ اور قرآن سے انس کا مہینہ ہے۔ روزے دار مؤمنین، اس مہینہ میں خداوند کریم کے مہمان ہیں اور قرآن کے بابرکت دسترخوان پر بیٹھے ہیں، لہذا تلاوت قرآن سے مانوس ہونا چاہیے اور قرآن کی آیات میں تدبر اور غور و خوض کرنے کے ذریعے قرآن کے مفاہیم سے فکری اور عملی فیض حاصل کرتے ہوئے، اپنے ملکوتی کمال میں اضافہ کرنا چاہیے۔

آغا صاحب نے کہا کہ ماہ مبارک رمضان، قرآن کریم کی بہار اور قرآن سے انس پیدا کرنے کا مہینہ ہے، یہ وہ مہینہ ہے جس میں انسان بہترین طریقے سے ذہنی اور عملی طور پر قرآن کریم سے فیضیاب ہو سکتا ہے، رمضان وہ مہینہ ہے جس کی شب قدر میں رسول خدا (ص) کے قلب مطہر کو پورے قرآن، امین وحی سے موصول ہوا۔

انہوں نے کہا کہ وہ مہینہ ہے جس میں ہم روزہ رکھنے، عبادت، دعا و مناجات اور معنوی تیاری کرنے کے ذریعے، تعلیم قرآن حاصل کرنے کا استقبال کرتے ہیں اور ہمارا مقصد یہ ہے کہ خالص روزہ کی بھرپور برکات اور اس کے ساتھ دیگر عبادتوں اور دعاؤں کی روشنی میں، قرآن سے اپنا رابطہ مزید مضبوط کریں۔

https://fb.watch/caS5VEHu5E/

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔